Tuesday, July 16, 2013

aaj main aik nazam likhoon ga

آج میں اک نظم لکھوں گا

مجھے لگتا ہے جیسے
آج میں اک نظم لکھوں گا
کسی کی یاد لے آئی تھی
پھولوں کی نمائش میں
مرے قدموں کی آہٹ سنتے ہی
صحنِ گلستاں میں
لبوں کے ذکر، عارض کی کہانی کا
اک ایسا سلسلہ چھیڑا تھا پھولوں نے
کہ جس کو نظم کرنے سے
فضائے وقت قاصر تھی
چلی تھی بات ان آنکھوں کی چکھ ایسے تناظر میں
کہ خوشبو نے ٹھہر کر
چشمِ نرگس کے لیے بوسے
سراپا گوش بر آواز تھیں کلیاں بہ ہر جانب
تبسم ریز غنچے عالمِ حیرت میں غلطاں تھے
گلوں کو اس طرح
انگڑائیاں لیتے ہوئے دیکھا
تو موسم کی رگوں میں
بجلیاں جیسے اُتر آئیں
کسی نادیدہ حدت نے دیا مہمیز آنچل کو
نکھرتی شام نے چھیڑا ایکا یک ذکر گیسو کا
بہ ہر جانب شبستاں میں
کسی کی بات چل نکلی

میسر تھی فضا کو رنگ و خوشبو کی فراوانی
مگر وہ قامتِ زیبا
نہ بن پایا کسی سے بھی
مجھے اس خال و خط کو
آج شاید نظم کرنا ہے
مجھے لگتا ہے جیسے
آج میں اک نظم لکھوں گا
٭٭٭

No comments:

Popular Posts